متحدہ عرب امارات: کلاس رومز میں اساتذہ کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار

متحدہ عرب امارات: کلاس رومز میں اساتذہ کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار


وزارت تعلیم نے ستمبر سے شروع ہونے والے تعلیمی سیشن کے حوالے سے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں فیزیکل کلاسز کے دوران اساتذہ کو ہر وقت فیس ماسک پہننا لازمی ہے جبکہ کلاس رومز  میں اساتذہ طالب علموں کو سکھانے اور گفتگو کے دوران کم از کم ایک میٹر دور رہیں گے۔


  حکام نے طلباء سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ دوسروں کو سلام کرتے وقت ہاتھ ملانے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر کے طور پر ذاتی حفاظتی سازوسامان کا استعمال کرتے ہوئے اسکول پر استعمال کی چیزوں کا تبادلہ نا کریں۔ 


وزارت تعلیم نے اپنے سکولوں کے لئے تازہ ترین ہدایات میں کہا ہے کہ جب طالب علم کیمپس میں فیزیکل کلاسز کا دوبارہ آغاز کریں گے تو تعلیمی اداروں کو تمام کورونا پروٹوکول پر عمل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کلاس رومز ، لیبارٹریز اور لرننگ ریسورس رومز میں طالب علموں کے درمیان ایک میٹر کا جسمانی فاصلہ رکھنے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔


 عہدیداروں نے بتایا کہ طلباء ، اساتذہ اور انتظامی عملے کے درمیان جسمانی دوری ایک میٹر ہونی چاہیے اور اس کی نشاندہی کرنے والے پوسٹر پورے اسکول اور پارکنگ ایریاز میں لگائے جائیں تاکہ قواعد کی تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ تعلیمی سہولیات میں داخل ہونے سے پہلے طلباء ، اساتذہ ، انتظامی عملہ اور سروس فراہم کرنے والے جیسے گارڈز اور کلینرز کے لیے روزانہ درجہ حرارت کی ٹیسٹنگ لازمی ہے۔


 درجہ حرارت 37.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہونا چاہیے۔ وزارت تعلیم نے یہ بھی نوٹ کیا کہ اساتذہ ، طلباء اور اسکول کے دیگر عملہ کو ہر وقت فیس ماسک پہننا ہو گا۔ چھ سال سے کم عمر کے طلباء کو استثنی حاصل ہے۔ 


عہدیداروں نے مزید کہا کہ طلباء اور اسکول کے ملازمین کے لیے یہ اچھی بات ہے کہ وہ روزانہ اسکول جاتے وقت اپنے ساتھ دو فیس ماسک لے جائیں تاکہ ایک ماسک صبح اور دوسرا دوپہر کے وقت استعمال کیا جائے۔ 


 طلباء اور اساتذہ کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سکول کے اوقات شروع ہونے سے کم از کم دو ہفتے پہلے وہ متاثرہ افراد کے ساتھ قریبی رابطے میں نہ آئیں۔ 


 اسکولوں سے متعلق ہدایات میں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ طلباء کو اسکول کے سامان جیسے لیپ ٹاپ اور کھانے کے لیے چھوٹے بیگ لے جانے کو محدود کرنا چاہیے اور اگر وہ انہیں ساتھ لائیں تو اس کے لئے الگ کمرے مختص کیے جائیں جہاں انہیں رکھا جائے۔


 وزارت نے تعلیمی اداروں سے طلباء ، والدین اور اسکول کے عملہ کو طلباء کی حفاظت کے لیے جسمانی فاصلہ ، ہاتھ دھونے اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر کوویڈ 19 احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اہمیت کے بارے میں رہنمائی اور آگاہی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔




یہ مضمون شئیر کریں: