متحدہ عرب امارات کے رہائشی الہوسن ایپ سے ویکسینیشن تفصیل دکھا کر یورپی یونین ریاستوں میں داخل ہوسکتے ہیں

متحدہ عرب امارات کے رہائشی الہوسن ایپ سے ویکسینیشن تفصیل دکھا کر یورپی یونین ریاستوں میں داخل ہوسکتے ہیں


 متحدہ عرب امارات کو یورپی یونین کے ڈیجیٹل کوویڈ سرٹیفکیٹ سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس سے امارات میں ویکسین حاصل کرنے والے شہریوں اور رہائشیوں کے لیے یورپی یونین کے رکن ممالک کا سفر آسان ہو گیا ہے۔ 

 

متحدہ عرب امارات میں یورپی یونین کے وفد کے ایک اہلکار نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ ویکسین شدہ شہری اور رہائشی الہوسن موبائل ایپلیکیشن کو اسی طرح استعمال کر سکیں گے جس طرح یورپی یونین ڈیجیٹل پاس استعمال کیا جا رہا ہے۔

 

ڈیجیٹل پاس اس سال موسم گرما میں شروع کیا گیا تھا، جس سے صارفین یورپ میں سفر کر سکتے تھے۔ الہوسن ایپ کی طرح، یورپی یونین ڈیجیٹل کوویڈ سرٹیفکیٹ کے صارفین کیو-آر کوڈ کا استعمال کرتے ہوئے دکھا سکتے ہیں کہ انہیں مکمل طور پر ویکسین لگائی گئی ہے یا ان کی پی سی آر کی حیثیت منفی ہے۔ 

 

عہدیدار نے بتایا کہ ایپ میں تکنیکی تبدیلی جلد از جلد کی جائے گی۔ یہ ایک تکنیکی حل ہے جو الہوسن اور یورپی یونین ڈیجیٹل پاس کے کیو-آر کوڈز کو متحدہ عرب امارات اور یورپی یونین دونوں میں پڑھنے کے قابل بناتا ہے۔ اس کے کام کرنے کے لیے الہوسن ایپ میں ایک نیا پاس شامل کیا گیا ہے جسے 'الہوسن ای-یو پاس' کہا جاتا ہے، جو 'ایکسپو 2020 دبئی پاس' کی طرح ہے۔ 

 

 اب تک، 28 غیر یورپی یونین ممالک، اور علاقے، یورپی یونین ڈیجیٹل کوویڈ سرٹیفکیٹ سسٹم میں شامل ہو چکے ہیں جن میں البانیہ، اندورا، آرمینیا، لبنان، اسرائیل، سنگاپور، یوکرین، ٹوگو، آئس لینڈ، اور دیگر شامل ہیں۔ 

 

 یورپی سیاحت کے محکموں کے سربراہان نے نئی پیش رفت کو سراہا ہے۔ سوئٹزرلینڈ ٹورازم کے جی سی سی ڈائریکٹر میتھیاس البرچٹ نے کہا ہے کہ ہم یقینی طور پر ان تمام معاہدوں کا خیرمقدم کرتے ہیں جو سفر کو آسان اور محفوظ بناتے ہیں۔

 

 پچھلے مہینے، یورپ کے بہت سے ممالک میں لاک ڈاؤن لگنے کے ساتھ ہی پورے براعظم میں کوویڈ19 کیسز میں اضافہ ہوا جس کے بعد متحدہ عرب امارات کے مسافروں نے آنے والی تعطیلات کے لیے 'محفوظ مقامات' کی طرف دیکھنا شروع کیا۔

 

 تاہم، امارات سے آنے والے مسافروں پر سفری پالیسیوں میں کوئی فوری اثر یا تبدیلی لاگو نہیں کی گئی ہے۔


یہ مضمون شئیر کریں: