امارات حکومت میڈیا بریفنگ: وزارت صحت و روک تھام کا فائزر اور سپوتنک وی بوسٹر شاٹس فراہمی کے لیے پروٹوکول کا آغاز

امارات حکومت میڈیا بریفنگ: وزارت صحت و روک تھام کا فائزر اور سپوتنک وی بوسٹر شاٹس فراہمی کے لیے پروٹوکول کا آغاز

امارات ہیلتھ سیکٹر کے ترجمان ڈاکٹر نورا الغیتھی نے بتایا ہے کہ وزارت صحت و روک تھام (ایم او ایچ اے پی) نے قومی ویکسینیشن مہم کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر ایمرجنسی استعمال کے لیے منظور شدہ فائزر-بائیو این ٹیک اور سپوتنک وی ویکسین کے بوسٹر شاٹس فراہم کرنے کے لیے ایک پروٹوکول کا آغاز کیا ہے۔ 

 

 کوویڈ19 سے متعلق متحدہ عرب امارات کی حکومت کی میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا شعبہ صحت کوویڈ19 کے قومی ردعمل کو مضبوط بنانے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ صحت نے دیگر اہم شعبوں کے ساتھ ساتھ کوویڈ19 کے چیلنجوں سے نمٹنے اور صحت یابی کے حصول کے لیے ضروری تمام صلاحیتیں اور وسائل فراہم کرنے میں تعاون کیا ہے۔

 

 انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس فعال نقطہ نظر پر فخر ہے اور کورونا وائرس کے چیلنجوں کو مواقع میں تبدیل کرنے والے پہلے ممالک میں سے ایک ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت نے اپنی ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری کی ہے تاکہ ہم اپنے اہداف کو حاصل کر سکیں۔

 

شعبہ صحت اہل افراد کو کوویڈ19 ویکسین فراہم کر کے کورونا سے بچانے کے مشن پر ہے۔ تقریبا 94.78 فیصد آبادی نے اپنی پہلی ویکسین خوراک لے لی ہے جبکہ 84.3 فیصد اب مکمل طور پر ویکسین شدہ ہے۔

 

 ڈاکٹر نورا نے وضاحت کی کہ جن گروپوں کو بوسٹر خوراک لینی چاہیے وہ بزرگ شہری ہیں۔ 60 سال سے زیادہ عمر کے رہائشی، دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد، 50 سے 59 سال کی عمر کے افراد اور 18 اور اس سے زیادہ عمر کے ایسے افراد جو لمبے عرصے سے طبی امداد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 

 

انہوں نے بتایا کہ پروٹوکول ان گروپوں پر لاگو نہیں ہوتا جنہوں نے سینوفرم کی مکمل ویکسین لگانے کے بعد فائزر-بائیو این ٹیک یا سپوتنک وی بوسٹر خوراکیں حاصل کی ہیں۔ 

 

 انہوں نے مزید کہا کہ ہم تجویز کرتے ہیں کہ جو لوگ بوسٹر شاٹ کے اہل ہیں وہ اس خوراک کو بر وقت لیں ، اپنی صحت کی حفاظت کریں اور اپنی قوت مدافعت بڑھا کر کوویڈ19 سے حفاظت کو یقینی بنائیں۔ 

 

 انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کی متاثر کن کامیابیاں دانشمندانہ قیادت کے دور اندیش وژن اور متحدہ عرب امارات کی کمیونٹی کے عزم کی بدولت حاصل کی گئی ہیں جو جلد ہی معمول کی زندگی کی واپس بحالی میں معاون ثابت ہوں گی۔

 

بریفنگ کے اختتام پر ، انہوں نے حاصل کردہ تمام کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے لیے سماجی ہم آہنگی کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار پابندیاں جو ہم اب دیکھ رہے ہیں یہ ہم سب کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے ، کوویڈ19 پر قابو پانے اور ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھنے کے لیے ضروری ہے جس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔


یہ مضمون شئیر کریں: