ابو ظہبی ایمرجنسی ، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی کی جانب سے صرف ویکسن لگوانے والوں کے لئے عوامی مقامات پر داخلے کے عمل کی منظوری 

ابو ظہبی ایمرجنسی ، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی کی جانب سے صرف ویکسن لگوانے والوں کے لئے عوامی مقامات پر داخلے کے عمل کی منظوری

ابوظہبی ایمرجنسی ، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے عوامی مقامات پر داخلے کے عمل کی منظوری دی ہے جس کے مطابق صرف ویکسین شدہ شہریوں ، رہائشیوں اور سیاحوں کو عوامی مقامات پہ جانے کی اجازت ہو گی۔ یہ قانون جمعہ، 20 اگست 2021 سے نافذ ہوگا۔

 

تفصیلات کے مطابق اب الہوسن ایپ پر گرین سٹیٹس والے افراد کو صرف عوامی مقامات پہ داخلے کی اجازت ہو گی جبکہ گرین سٹیٹس پی سی آر ٹیسٹ کے منفی نتیجہ کے بعد ظاہر ہوتا ہے اور 30 ​​دن تک باقی رہتا ہے۔ الہوسن ایپ پر گرین سٹیٹس کے ساتھ ویکسینیشن سے مستثنیٰ افراد کو بھی داخلے کی اجازت ہو گی جو پی سی آر ٹیسٹ کے منفی نتائج کے بعد ظاہر ہوتا ہے اور سات دن تک باقی رہتا ہے۔ 

 

سولہ سال سے کم عمر بچوں کا سٹیٹس بغیر ٹیسٹ کے گرین دکھائی دے گا اور انہیں بھی داخلے کی اجازت ہوگی۔ ایسے افراد جنہوں نے ویکسن نہیں لگوائی اور الہوسن ایپ پر گرے سٹیٹس والے افراد جن کے پی سی آر ٹیسٹ کی میعاد ختم ہو گئی ہے، ان کا داخلہ بھی عوامی مقامات پرمنع ہے۔

 

 کمیٹی نے یہ بھی اعلان کیا کہ نیا رہائشی اجازت نامہ رکھنے والوں کو ویکسین لگانے کے لیے 60 دن کی رعایتی مدت دی گئی ہے۔ عوامی مقامات میں داخل ہونے کا عمل مسافروں اور سیاحوں پر بھی لاگو ہوتا ہے اور انہیں بین الاقوامی ٹریول پروٹوکول پر عمل کرنا چاہیے۔ 

 

کمیٹی نے وضاحت کی ہے کہ الہوسن ایپ پر ویکسین کی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے ، ہر ویکسین لگوانے والے فرد کے لیے میڈیکل پروٹوکول کے مطابق دوسری خوراک حاصل کرنے کے 6 ماہ بعد بوسٹر خوراک لینا ضروری ہے۔

 

 تیس دن کی رعایتی مدت ان تمام لوگوں کو دی گئی ہے جن کو دوسری خوراک لئے 6 ماہ سے زائد ہو گئے ہیں، اگر یہ افراد بوسٹر خوراک نہیں لہتے تو ان کا سٹیٹس 20 ستمبر کو سرمئی ہو جائے گا۔ ویکسین ٹرائلز میں شریک افراد کو بوسٹر خوراک کی ضرورت سے استثنی حاصل ہے۔

 

 یہ اعلان کمیٹی کے گزشتہ ماہ کے اعلان کے تناظر میں ہوا ہے جس میں عوامی مقامات کو ویکسین لگانے والوں تک محدود رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان عوامی مقامات میں شاپنگ سینٹر ، ریستوراں ، کیفے اور دیگر تمام ریٹیل آؤٹ لیٹس ہیں۔اس کے علاوہ، جم ، تفریحی سہولیات اور کھیلوں کی سرگرمیاں ، ہیلتھ کلب ، ریزورٹس ، عجائب گھر ، ثقافتی مراکز اور تھیم پارکس۔ فہرست میں جامعات ، ادارے ، سرکاری اور نجی اسکول اور امارات میں بچوں کی نرسری بھی شامل ہیں۔ 

 

کمیٹی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ فیصلہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے سے متعلق حکمت عملی اور اقدامات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ کمیٹی نے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ ویکسن لگوانے کی اہمیت پر زور دیا اور بتایا کہ ویکسینیشن کرونا سے بچاؤ کا سب سے موثر طریقہ ہے۔

اماراتی نیوز ایجنسی (ڈبلیو اے ایم)


یہ مضمون شئیر کریں: