خلیج میں کوویڈ19 سے اموات کی شرح یورپ کے مقابلے میں کم؛ وجہ نوجوان آبادی قرار

خلیج میں کوویڈ19 سے اموات کی شرح یورپ کے مقابلے میں کم؛ وجہ نوجوان آبادی قرار


 سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ خلیج میں عمر رسیدہ افراد کا کم تناسب خلیجی خطے میں کم کورونا وائرس اموات کی اہم وجہ ہوسکتا ہے۔ 

 

ایک نئی تحقیق میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ جی سی سی ممالک میں کوویڈ19 سے اموات کی شرح یورپی ممالک کے مقابلے میں بہت کم کیوں ہے۔

 

 امریکہ اور اردن میں مقیم محققین نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے تمام جی سی سی ممالک کے لیے کوویڈ19 سے اموات کی شرح (سی ایف آر - تصدیق شدہ کیس والے لوگوں میں اموات کا تناسب) کا حساب لگایا اور ان کا موازنہ 33 یورپی ممالک کے اعداد و شمار سے کیا۔ 

 

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خلیجی ممالک کے مقابلے میں یورپ میں کوویڈ19 سے اموات پانچ سے 10 گنا زیادہ ہیں۔ یہاں تک کہ یورپ کے علاوہ بھی صرف چند ممالک میں اموات کی اتنی کم شرح ہے جتنی کہ جی سی سی ممالک کی۔

 

این ایم سی رائل ہسپتال دبئی کے ڈاکٹر دیوندر پال سنگھ نے بتایا ہے کہ خلیجی ممالک میں آبادی زیادہ تر درمیانی عمر کے نوجوانوں کی ہے۔ بزرگ آبادی اور دائمی معذوری والے افراد یورپ کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔

 

 متحدہ عرب امارات میں کوویڈ19 کے آغاز کے بعد سے کوویڈ 19 کے 739،190 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے نتیجے میں 2،129 افراد ہلاک ہوئے (ہفتہ 22 اکتوبر 2021 تک)۔

 

سعودی عرب میں 548،205 کیسز اور 8،776 اموات ہوچکی ہیں جبکہ بحرین میں 276،461 کیسز اور 1،393 اموات ہوچکی ہیں۔ 

 

پچھلے سال 12 مئی تک کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرتے ہوئے ، محققین نے حساب لگایا کہ متحدہ عرب امارات کا سی ایف آر 1.06 فیصد تھا جبکہ کویت میں یہ تعداد 0.69 فیصد ، سعودی عرب میں 0.62 فیصد ، عمان میں 0.45 فیصد ، بحرین میں 0.15 فیصد اور قطر میں 0.06 فیصد رہی۔

 

 یورپ کے اندر اسی وقت کے دوران ، دس ممالک کے سی ایف آر کی اکثریت 3 فیصد سے زیادہ تھی۔

 

 یورپی ممالک میں صرف دو ممالک بیلاروس اور آئس لینڈ کے سی ایف آر کی شرح جی سی سی ممالک جیسی تھی جن کا سی ایف ار 0.56 فیصد تھا۔

 

محققین کے مطابق خلیجی خطے اور یورپ کے درمیان عمر کے گروہوں میں فرق سب سے اہم عنصر ہو سکتا ہے۔ 

 

 حقیقت یہ ہے کہ زیادہ عمر کے افراد کے لئے کورونا وائرس زیادہ سنگین بیماری یا موت کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ 

 

 2016 کے اعداد و شمار کے مطابق یورپی یونین میں مجموعی طور پر ، 19.2 فیصد آبادی 65 سے زائد العمر ہے ۔ اس کا موازنہ اگر متحدہ عرب امارات سے کیا جائے تو عالمی بینک کے رپورٹ کردہ 2019 کے اعداد و شمار کے مطابق آبادی کا صرف 1.16 فیصد 65 سے زائد العمر ہے جبکہ سعودی عرب میں یہ تقریبا 3 فیصد ہے۔ 

 

 یہ تحقیق گزشتہ ماہ قطر میڈیکل جرنل میں شائع ہوئی تھی جس میں یہ کہا گیا کہ عمر کا فرق یورپ اور جی سی سی ممالک کے درمیان سی ایف آر پیٹرن کے پیچھے اہم وجہ ہو سکتی ہے۔ محققین نے یہ بھی کہا کہ کوویڈ 19 ٹیسٹوں کی تعداد اور کوویڈ19 اموات کی رپورٹنگ میں تغیرات نے بھی نتائج کو متاثر کیا ہے۔ 

 

 دبئی کے این ایم سی رائل ہسپتال کے کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر دیوندر پال سنگھ نے اس مطالعے سے اتفاق کیا کہ جی سی سی میں بزرگ افراد کا کم تناسب شرح اموات کے کم ہونے میں ایک اہم عنصر تھا۔ 

 

خلیجی ممالک میں زیادہ آبادی درمیانی عمر کے افراد کی ہے۔ عمر رسیدہ آبادی اور دائمی طور پر معذور افراد بہت کم ہیں۔ 

 

یورپ میں بزرگ آبادی بہت زیادہ ہے۔ انہیں دائمی بیماریوں کا زیادہ امکان ہے۔ 

 

 انہوں نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کا معیار جی سی سی اور یورپی ممالک دونوں علاقوں میں اچھا ہے اس سے فرق نہیں پڑا ہے۔

 

 ہسپتالوں میں موجودہ صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی اب بڑی آبادی کو ویکسین دی جا چکی ہے جس سے نمایاں بہتری آئی ہے۔ 

 

ملک میں فی ہفتہ 20 سے کم اموات ریکارڈ کی جا رہی ہیں اور بعض اوقات 10 سے بھی کم۔ اب حالات بہت بہتر ہیں اور سب کچھ کنٹرول میں ہے۔


یہ مضمون شئیر کریں: