ابو ظہبی میں طالب علموں اور اساتذہ کے لیے واک ان ویکسینیشن مراکز کھول دئیے گئے

ابو ظہبی میں طالب علموں اور اساتذہ کے لیے واک ان ویکسینیشن مراکز کھول دئیے گئے

حکام نے اعلان کیا ہے کہ ابوظہبی اور العین میں 12 سال اور اس سے زیادہ عمر کے طلباء ، اساتذہ اور انتظامی عملے کے لیے واک ان ویکسینیشن سینٹر کھولے گئے ہیں۔ یہ قدم ستمبر میں شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال میں بچوں کی اسکولوں میں محفوظ واپسی کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے۔

 

 نئے ویکسینیشن مراکز ابوظہبی محکمہ تعلیم اور علم (ایڈک) ، محکمہ صحت ابوظہبی (ڈی او ایچ) ، ابوظہبی پبلک ہیلتھ سینٹر (اے ڈی پی ایچ سی) اور ابوظہبی ہیلتھ سروسز کمپنی (ایس ای ایچ اے) کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ یہ قدم یس مال میں ایڈک کے پاپ اپ ویکسینیشن سینٹر کی حالیہ کامیابی کے بعد اٹھایا گیا ہے جہاں 1800 سے زائد طلباء کو ویکسین لگائی گئی ہے۔

 

 ابو ظہبی میں مینا زید ویکسینیشن سینٹر کے گرین ہال اور العین میں العین کنونشن سینٹر میں گرین ہال روزانہ صبح 8:00 بجے سے رات 8:00 بجے تک 31 اکتوبر تک کھلے رہیں گے۔ بکنگ کروانے کی ضرورت نہیں ہے البتہ 18 سال سے کم عمر طلباء کے ساتھ والدین یا قانونی سرپرست کا ہونا ضروری ہے۔ 

 

ایڈک کے انڈرسیکٹری عامر الحمادی نے کہا ہے کہ 16 اور اس سے زیادہ عمر کے طالب علموں کو نئے تعلیمی سال میں فیزیکل کلاسز کے لیے ویکسینیشن کی ضرورت ہے جبکہ نئے ویکسینیشن مراکز اس لئے بنائے گئے ہیں تاکہ اس عمل کو ہر ممکن حد تک آسان بنایا جا سکے۔ تعلیمی اداروں کی جانب سے والدین سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنا اہم کردار ادا کریں اور اپنے بچوں کو ویکسن لگوائیں۔

 

 دو خوراکوں کے درمیان تین ہفتوں کے وقفے کے ساتھ، تعلیمی برادری کے تمام ممبران کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ جلد از جلد اپنی پہلی ویکسینیشن حاصل کریں۔ نئے مراکز پہلی ، دوسری اور بوسٹر خوراکیں ( فائزر-بائیو ٹیک اور سینوفارم ویکسین ) دے رہے ہیں۔

 

 ویکسینیشن لگانے کے مکمل طریقہ کار میں زیادہ سے زیادہ 40 منٹ لگتے ہیں جس میں ویکسن لگوانے سے پہلے کا چیک اپ بھی شامل ہے۔ رہائشی بغیر کسی بکنگ کے نئے مراکز میں داخل ہو سکتے ہیں لیکن انہیں رجسٹریشن کے وقت اپنی ایمریٹس آئی ڈی ضرور دکھانی ہو گی جبکہ سکول کمیونٹی میں نئے آنے والوں کو یو آئی ڈی کے ساتھ پاسپورٹ اور انٹری پرمٹ دکھانا ہوگا۔ رجسٹریشن میں ویکسن لگوانے والے کا شناختی کارڈ اور پیشہ لکھنا اور الہوسن ایپ پر سبز یا سرمئی سٹیٹس ظاہر کرنا بھی شامل ہے۔ 

 

یاد رہے کہ 18 سال سے کم عمر کے طالب علموں کے ساتھ والدین یا 21 سال سے کم عمر کا قانونی سرپرست ہونا ضروری ہے۔ تاہم ، ان مراکز میں والدین یا قانونی سرپرست میں سے صرف ایک کو اجازت دی جائے گی تا کہ زیادہ رش سے بچا جا سکے اور ویکسینیشن کے عمل کو منظم رکھا جا سکے۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ تین سے 15 سال کی عمر کے طالب علموں کو کلاس روم میں پڑھانے کے لیے ویکسین کی ضرورت نہیں ہے۔ تاہم ، 16 سال اور اس سے زیادہ عمر کے طلباء کو ویکسن لینی چاہیے۔ انہیں یو اے ای سے منظور شدہ ویکسین کی دوسری خوراک کے کے بعد صرف 28 دن بعد کلاس روم میں شرکت کی اجازت ہے۔ ویکسینیشن سے مستثنی طلباء اسکول جا سکتے ہیں بشرطیکہ استثنیٰ کی تصدیق ان کے الہوسن ایپ پر ہو یا ڈی او ایچ کے ایک باضابطہ ویکسینیشن فراہم کنندہ جیسے سی ای ایچ اے یا مبدالہ ہیلتھ کے سرکاری خط کے ذریعے ہو۔ 

 

ایڈک کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ابوظہبی کے تمام نجی اسکولوں میں 89 فیصد تعلیمی عملے کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔


خلیج ٹائمز (Khaleej Times)




یہ مضمون شئیر کریں: